اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی باقیات کہہ رہی ہیں انکے رہنمائوں پر ظلم ہواہے،اسلئے وہ سیاست یا پارٹی چھوڑ رہے ہیں وفاداریاں بدل رہے ہیں،سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو مشکل وقت میں ان کے ساتھی چھوڑ گئے، اگر لیڈر وفا کا استعارہ ہو تو ورکر مشکل اور آزمائش کاٹ لیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب لیڈر ایک سیاسی سیلز مین ہو جو اقتدار کے لئے نیلام ہونے کے لئے تیار ہو تو ورکر خزاں کے پتوں کے طرح جھڑتے ہیں،پی ٹی آئی کے دور حکومت میں نواز شریف کے سامنے جیل سے بیٹی کو گرفتار کیا، سابق پی ٹی آئی سربراہ جلسوں اور تقریروں میں دھمکیاں دیتا رہا،پیپلزپارٹی سے ادھار پر لیے وکیل کو چیئرمین پی ٹی آئی بنادیا، یہ اپنے کارکنوں کو عزت نہیں دیتے۔ان کا کہناتھا کہ 9مئی کو ریاست سے بغاوت اور افواج پہ حملہ ترتیب دیا گیا تھا جسے ناکام بنا دیا گیا، خواجہ آصف نے لکھا کہ مشکلیں ہم نے کاٹیں ان کے اندھے انتقام کا نشانہ بنے ہمارے سامنے مثال نواز شریف تھا جس کے عزم نے حوصلہ دیا،اللہ نے صبر دیا اور ہمارے جیسے ورکروں کی عزت اور بھرم رکھا،چار سال میں نواز شریف کا ایک بھی ایم این اے یا ایم پی اے نہیں ٹوٹا ، جیلوں اور نیب کا ہتھیار بے دردی کے ساتھ استعمال ہوا،لیڈر پارٹی میں وفا کا کلچر پروموٹ کرتا ہے،جب لیڈر فراڈیا اور نوسرباز ہو تو آزمائش میں کون استقامت دکھائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں