عام انتخابات، اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج اہم سماعت ہو گی

اسلام آباد (آئی این پی )الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی درستگی تک ملک میں عام انتخابات کیلئے الیکشن شیڈول جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں آج (جمعرات کو) سماعت ہو گی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق آج (جمعرات کو) درخواست پر سماعت کریں گے۔شہری کی جانب سے جمع کروائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن کا نادرا ریکارڈ میں اندراج کیا گیا جو انتخابی فہرستوں میں شامل ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے نام انتخابی فہرستوں میں شامل ہونا آئین کی منشا کے خلاف ہے۔ ایسے تمام افراد جنہوں نے فراڈ سے قومی شناختی کارڈز بنوائے ان کے نام انتخابی فہرستوں سے حذف کئے جائیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ غیر قانونی تارکین وطن کے نام انتخابی فہرستوں سے نکالنے اور پاکستان میں رہنے والے غیر قانونی مہاجرین کے شناختی کارڈز منسوخ یا بلاک کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں اور پٹیشن پر فیصلے تک الیکشن کمیشن کو عام انتخابات کے لئے الیکشن شیڈول جاری کرنے سے روکا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close