اسلام آباد (آئی این پی )ایف پی سی سی آئی کے صدارتی امیدوار عاطف اکرام شیخ نے کہا ہے ملک اس وقت سنگین معاشی مسائل سے دوچار ہے اور یہ کہ انتخابات کے نتیجے میں معیشت مستحکم ہوگی کیونکہ منتخب حکومت عوامی حمایت سے مشکل اصلاحات نافذ کر سکے گی۔سیاسی اور معاشی استحکام سے معیشت ترقی کرے گی اور ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری آئے گی جو اس وقت نہ ہونے کے برابر ہے۔
عاطف اکرام شیخ جوپی وی ایم اے کے چئیرمین اور اسلام آباد چیمبر کے صدر بھی رہے ہیں نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ ملک کو اس وقت گونا گوں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔موجودہ حکومت نے قابل قدر اصلاحات کی ہیں لیکن ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاروباری برادری تمام اصلاحات کی حمایت کرتی ہے کیونکہ یہ پاکستان کو پائیداراور طویل مدتی اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن کریں گی ۔انہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے پر بھی زور دیا تاکہ وہ اپنے تعاون کے ذریعے قومی معیشت کو وسعت دے سکیں۔انھوں نے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، زرمبادلہ کے مسائل کو حل کرنے اور بڑھتے ہوئے قرضوں سے نمٹنے کی ضرورت پر بھی زور دیا جو معیشت پر بوجھ ہیں۔قومی معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لیے تکنیکی طور پر ماہر افرادی قوت کی ضرورت ہے جبکہ موجودہ تعلیمی نظام سے صرف اشرافیہ کو ہی فائدہ ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت کو غیر ملکی کمپنیوں کے لیے سازگار ماحول کو یقینی بنانے، محصولات کو بڑھانے کے لیے ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے، زیادہ مساوی ٹیکس کا نظام قائم کرنے، فصلوں کی پیداوار بڑھانے، غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور پائیداری کو فروغ دینے کے لیے زرعی اصلاحات کو نافذ کرنے کی کوشش کرنی چاہیے۔عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ حکومت اقتصادی ترقی کی رفتار بڑھانے ، آئی ٹی، توانائی، زراعت، کان کنی اور دفاعی پیداوار جیسے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو ہموار کرنے کے لیے کوششیں کی کرہی ہے جبکہ مختلف ممالک سے بھاری سرمایہ کاری بھی متوقع ہے مگر ان کوششوں کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں