اسلام آباد پولیس کے خواتین کے لئے مختص ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی ہدایات پر اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے خواتین کے لئے مختص ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا،ڈرائیونگ سکول میں خواتین کو ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی ڈرائیونگ کی خصوصی تربیت بھی دی جاتی ہے،ڈرائیونگ ٹیسٹ پاس کرنے والی خواتین کو عالمی معیار کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر ڈاکٹر اکبر ناصر خاں کی ہدایات پر وفاقی پولیس کے خواتین کے لئے مختص ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر میں ڈرائیونگ ٹیسٹ کا آغاز کر دیا گیا ،نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے پاکستان کے پہلے خواتین ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا تھا،چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد نے ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر کا دورہ کیااور خواتین کے ڈرائیونگ کے امتحان کا جائزہ لیا،انہوں نے افسران کو ڈرائیونگ سکول اور ٹیسٹ سنٹر پر خواتین کو ہر ممکن سہولیا ت کی فراہمی کو یقینی بنانے کے ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ سکول میں خواتین کو ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی ڈرائیونگ کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے،اس ڈرائیونگ ٹیسٹ سنٹرمیں خواتین کا عالمی معیار کے مطابق ڈرائیونگ کا امتحان لیا جارہا ہے اور کامیاب خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے جا رہے ہیں،خواتین نے ڈرائیونگ سکول کے قیام اور ڈرائیونگ ٹیسٹ کے آغاز پہ خوشی کا اظہار کیا اور آئی سی سی پی او کا شکریہ ادا کیا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں