پیکا ایکٹ کے تحت گرفتار سینئر صحافی خالد جمیل جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

اسلام آباد (آئی این پی)اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے نجی چینل کے گرفتار صحافی خالد جمیل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)کے حوالے کردیا۔ صحافی خالد جمیل کو اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ شبیربھٹی کی عدالت میں پیش کیاگیا۔ ایف آئی اے نے الیکٹرونک ڈیوائسز اور سوشل میڈیا اکانٹ کے حوالے سے تفتیش کے لیے خالدجمیل کے 10 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔

خالد جمیل کے وکلا جہانگیر جدون اور نوید ملک نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی اور کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔وکلا صفائی کا مقف تھا کہ پاکستان میں آزادی اظہارِ رائے کا حق ہر شہری کو حاصل ہے، ایف آئی اے نے اپنے ہی بنائے ہوئے قانون اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی بھی خلاف ورزی کی، جسمانی ریمانڈ تو بنتا ہی نہیں۔بعد ازاں محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے خالدجمیل کو 2 روز کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا اور انہیں اتوار کو پیش کرنے کا حکم دیا۔ دوسری جانب ملک کی مختلف صحافتی تنظیموں نے صحافی خالد جمیل کی گرفتاری کی مذمت کی اور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں