الیکشن کمیشن نے نئی حلقہ بندیوں کیلئے سیاسی جماعتوں کی حمایت کا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(انٹرنیوز)عام انتخابات کی تیاریوں سیمتعلق مشاورت کا سلسلہ جاری ہے، الیکشن کمیشن نے آج ایم کیوایم اور جماعت اسلامی سے مشاورت کی ہے۔ مشاورت کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ایم کیو ایم نے نئی حلقہ بندی کے فیصلہ کو درست قرار دیا، ایم کیو ایم کو مردم شماری 2017 پر اعتراضات تھے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی نے تسلیم کیا انتخابات نئی مردم شماری پر ہوں گے، مسلم لیگ ن حکومت نے بھی اِسی تسلسل کو برقرار رکھا۔

اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم نے نئی مردم شماری پر حلقہ بندی کو یقینی بنانے کا کہا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ سیاسی پارٹیوں کے انتخابی اخراجات کی حد مقرر ہونی چاہیے۔ دوران مشاورت جماعت اسلامی نے انتخابی شیڈول کیاعلان کی بات کی، جماعت اسلامی کا کہنا تھا خیبرپختونخوا میں نگراں کابینہ سیاست میں ملوث ہوگئی۔جماعت اسلامی نے زور دیا کہ عوام کو عوامی نمائندگی سے محروم نہ رکھا جائے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن جتنی جلدی ممکن ہوسکا حلقہ بندی کا کام مکمل کرے گا، انتخابی فہرستوں کی تجدید کا کام بھی ایک ساتھ مکمل کرے گا۔اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو سراہا ہے، ضابطہ اخلاق پر تمام سیاسی پارٹیوں سے دوبارہ مشاورت کی جائے گی، عام انتخابات میں الیکشن کی باقاعدہ مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں