طاہر اشرفی نے جڑانوالہ واقعے پر اسپیڈی ٹرائل کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جڑانوالا واقعے پر اسپیڈی ٹرائل کا حکم دیں۔اسلام آباد میں منعقدہ بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس میں علامہ طاہر اشرفی، جماعت اسلامی کے میاں اسلم اور بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ سانحہ جڑانوالا پاکستان کا سانحہ ہے، ہم سب کا سانحہ ہے، اس موقع پر جن بیٹیوں کے جہیز جلے وہ ہماری اور اس قوم کی بیٹیاں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے یہ عمل کیا ان کا ہمارے دین سے کوئی تعلق نہیں، سانحہ جڑانوالہ میں جو دل ٹوٹے ہیں ان کی دل جوئی ہم کریں گے۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے یہ بھی کہا کہ آج مسیحی برادری سے معذرت کرنے کے لیے اسلام آباد ایف 8 چرچ میں آئے ہیں، تمام مکاتب فکر سے 24 رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔طاہر اشرفی نے کہا کہ کمیٹی جڑانوالا کیس کو روزانہ کی بنیاد پر دیکھ رہی ہے، جڑانوالا واقعے میں صرف مسیحیوں کے نہیں بلکہ مسلمانوں کے گھر بھی جلائے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ اب تک ملوث ملزمان کے خلاف اسپیڈی ٹرائل کا آرڈر نہیں ہوا، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جڑانوالا واقعے پر اسپیڈی ٹرائل کا حکم دیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close