اسلام آ باد (آئی این پی ) ائیرپورٹ سکیورٹی فورس کے عملے نے اسلام آباد، ملتان اور پشاور ائیرپورٹس سے منشیات دوحہ لے جانے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرکے منشیات برآمد کرلی۔ ترجمان کے مطابق اے ایس ایف کے عملے نے ملتان سے دوحہ جانے والے مسافر سے 1.170 کلو گرام آئس ہیروئن، اسلام آباد سے دوحہ جانے والے مسافر سے 810 گرام جبکہ پشاور سے دوحہ جانے والے مسافر سے 2.73 کلو گرام آئس ہیروئن برآمد کی۔
ائیر پورٹ سکیورٹی عملے کا بتانا ہے کہ مسافر محمد ابرار نے ملتان ائیرپورٹ پر بیگ کی لائننگ میں، مسافر محمد راشد علی نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر بیگ کی 3 تہوں میں جبکہ مسافر محمد نعمان نے پشاور ائیرپورٹ پر مذکورہ منشیات بیگ کی تہہ میں کمال مہارت سے ہیروئن چھپا رکھی تھی۔ تاہم اے ایس ایف کے عملے نے تینوں واقعات میں سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنا دیں۔ ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں