اریسمس پلس اسکالر شپ کے حصول میں پاکستانی طلباء دنیا بھر میں سرفہرست ،ایچ ای سی کی طرف سے 192منتخب پاکستانی طلباء کے لیے قبل از روانگی تقریب کا انعقاد

اسلام آباد (پی این آئی) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے اریسمس پلس اسکالرشپ پروگرام(Erasmus+ Scholarship Programme) کے تحت اسکالرشپ جیتنے والے طلباء کے اعزاز میں قبل ازروانگی تقریب کا انعقاد کیا۔ ایک سو بیانوے(192)پاکستانی طلباء نے اس سال اسکالرشپس جیتے ہیں اور وہ جلد مختلف یورپی جامعات میں حصول تعلیم کے لیے روانہ ہوں گے۔

اریسمس منڈس اسکالرشپس جیتنے والے طلباء کی تعداد کے لحاظ سے پاکستان ایک مرتبہ پھر دنیا بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔ دنیابھر کے 128ممالک کے 2,835طلباء اس سال اسکالرشپس کے لیے منتخب ہوئے ہیں۔ قبل از روانگی تقریب میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر شائستہ سہیل، پاکستان میں یورپین یونین رکن ممالک کے وفد کے ڈپٹی ہیڈ تھامس سیلر، یورپی ممالک کے سفارتخانوں کے نمائندگان، پروگرام کے فارغ التحصیل اسکالر، اور اسکالرشپ جیتنے والے طلباء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شائستہ سہیل نے اسکالرشپ جیتنے والے طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نصیحت کی کہ وہ اپنے پڑھائی پر توجہ دیں اوراپنے کردار سے ملک کی اچھی تصویر کشی کریں۔ انہوں نے زور دیا کہ طلباء نہ صرف حصول علم کی سعی کریں بلکہ یورپی ثقافت و تاریخ سے بھی روشناس ہوں۔ انہوں نے پاکستانی طلباء کی کثیر تعداد کی طرف سے اسکالرشپ جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی ہیڈ تھامس سیلر کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں اور اعلیٰ تعلیم کا شعبہ عوامی روابط کی ترویج کا اہم ذریعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ثقافتوں کے تبادلے کا اہم ذریعہ فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباء میں خواتین کی تعداد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے پروگرام کے حوالے سے ایچ ای سی کے اشتراک کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یورپ ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اعلٰی تعلیم کے کردار سے بخوبی آگاہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلباء اسکالرشپس کے حصول کے لیے بہت اچھے انداز میں تیار تھے اور وہ یورپی جامعات میں جاکر نئے دریافتوں سے روشناس ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکالرشپ پروگرام کی ٹیم یورپی ممالک کے ساتھ مئوثر طور پر مربوط ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ سال 2015سے سال 2023تک پروگرام سے مستفید ہونے والے طلباء کی تعداد 848 تک پہنچ گئی ہے۔ ایچ ای سی نے پروگرام کی تشہیر اور اس سے متعلق عوام میں آگاہی بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اریسمس پلس پروگرام یورپی یونین کا ایک اقدام ہے جس کا مقصد مختلف ممالک کے طلباء کو یورپی تعلیمی اداروں کے تعلیمی نظام سے مستفید کرنا ہے۔ یہ پروگرام دنیا بھر کے طلبائ، اسٹاف اور اداروں کو مختلف اعلٰی تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے اور اس میں سماجی شمولیت، ڈیجیٹل تبدیلی، اور نوجوانوں کی جمہوری زندگی میں شرکت پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں