ای او بی آئی پنشن کم از کم 25 ہزار روپے مقرر کرنے کا مطالبہ

اسلام آباد(آئی این پی)ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے کم از کم پینشن 25 ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کردیا۔ایپوا کی شعبہ خواتین کی صدرافروز روہیلہ کا کہنا تھاکہ 8500 روپے پنشن اونٹ کے منہ میں زیرہ ہے، قانون کی رو سے تین سال میں پنشن بڑھانا لازم ہے، پنشن میں آخری اضافہ جنوری 2020 میں ہوا تھا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کم از کم پنشن 25 ہزار روپے کی جائے اور نجی اداروں کے ملازمین کی ای او بی آئی رجسٹریشن کی جائے۔نوشابہ ہاشمی کا کہنا تھاکہ تمام بیمہ داران کوای او بی آئی کارڈ جاری کیاجائے، بورڈ آف ٹرسٹیز میں ای پی ڈبلیو اے کو نمائندگی دی جائے۔ان کا کہنا تھاکہ موجودہ بورڈ کی مدت 2015 میں ختم ہوچکی، نیا بورڈ تشکیل دیاجائے۔شمس دوحہ زبیری کا کہنا تھاکہ ای او بی آئی کا سرمایہ 500 ارب روپے سے زائد ہے، ای او بی آئی باآسانی 25 ہزار روپے ماہانہ پنشن دے سکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close