اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے واقعہ میں ملوث افراد کو عبرت کا نشان بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے، شر پسند عناصر کے خلاف لندن کے انتظامیہ کے پاس درخواست دی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جائینگے۔
پیر کو مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و سابق وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ساتھ لندن میں پیش آنے والے ناخوش گوار واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے مسلم لیگ (ن) یو کے کا اجلاس بلایا گیا تھا جس میں انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ شر پسند عناصر کے خلاف لندن کے انتظامیہ کے پاس درخواست دی جائے گی اور ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان برطانوی حکام سے واقعہ میں ملوث پاکستانیوں کے پاسپورٹ کی ضبطگی کی بھی درخواست بھیجے گی جب کہ حکومت پاکستان کی کوشش ہے کہ ایسے افراد کو عبرت کا نشان بنائیں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے ۔واضح رہے کہ سینٹرل لندن میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کو اوورسیز پاکستانیوں نے گھیر لیا تھا۔وزیر اطلاعات کو دیکھتے ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب آیا ہوا ہے اور آپ یہاں دورے کر رہے ہیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مریم اورنگزیب احتجاج کے باوجود ہاتھ میں کین لیے اپنے موبائل فون میں مگن ہیں۔ انہوں نے احتجاج کرنے والوں کو نظر انداز کر دیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں