اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان میں غیر معمولی گرمی کے باعث برف اور گلیشیئر پگھلنے کی وارننگ جاری کرتے ہوئے ممکنہ سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خطے میں درجہ حرارت معمول سے 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہے، جس کے باعث برف پگھلنے کی رفتار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور گلیشیل لیک آؤٹ برسٹ فلڈز (GLOF) کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن نے بتایا ہے کہ زیادہ سے زیادہ اور کم سے کم درجہ حرارت اوسط سے مستقل بلند ہیں، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر برف پگھل رہی ہے۔ اس کے نتیجے میں آبی ذخائر میں پانی کی آمد بھی بڑھ گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اگست کے ابتدائی 10 دنوں میں خریف سیزن کے دوران تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 41.8 ملین ایکڑ فٹ ریکارڈ کی گئی، جو کہ عام موسمی اوسط 36.16 ملین ایکڑ فٹ سے 5.64 ملین ایکڑ فٹ زیادہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیزی سے برف پگھلنے کا عمل نئی برفانی جھیلوں کی تشکیل اور موجودہ جھیلوں کی توسیع کا باعث بن سکتا ہے، جس سے پہاڑی علاقوں کے نیچے اور میدانی سطح والے علاقوں میں شدید سیلاب کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔
محکمہ موسمیات نے مقامی افراد اور متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ چوکس رہیں اور خاص طور پر حساس وادیوں میں ممکنہ آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں