تھک نالہ میں اچانک سیلابی ریلہ، درجنوں سیاح گاڑیوں سمیت پھنس گئے

چلاس کے سیاحتی مقام تھک نالہ میں اچانک آنے والے سیلابی ریلے نے درجنوں سیاحوں کو گاڑیوں سمیت اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث جانی و مالی نقصان ہوا۔

عینی شاہدین کے مطابق جب ریلہ آیا تو تقریباً 14 سے 15 گاڑیاں وہاں موجود تھیں۔ مقامی افراد نے خطرے کی وارننگ دی، لیکن کچھ سیاح گاڑیوں میں ہی بیٹھے رہے۔ اسی دوران ایک گاڑی پر پتھر بھی گرے، جس سے خوفزدہ ہو کر لوگ بھاگنے لگے، جبکہ چند افراد ویڈیو بنانے میں مصروف رہے۔ سیلابی ریلہ اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد گاڑیاں اور بجلی کے کھمبے زمین میں دھنس گئے۔ مقامی افراد اور ریسکیو ٹیمیں اب بھی گاڑیاں نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

تباہ ہونے والی ایک کوسٹر سے بچوں کے واکر، پانی کی بوتلیں اور کھانے پینے کا سامان ملا ہے۔ دوسری جانب ہوٹل کی پارکنگ میں کچھ گاڑیاں محفوظ رہیں۔ سڑک بہہ جانے سے آمدورفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے، اور سیاح شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ پہاڑی تودوں کے باعث کئی سرکاری گاڑیاں بھی پھنس گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close