الشفاء ٹرسٹ نے گلگت میں آنکھوں کا علاج شروع کر دیا۔ عوام کو مفت سہولت فراہم کی جا رہی ہے

گلگت (18 دسمبر ) آنکھوں کی دیکھ بھال کی معیاری خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کو مدنظر رکھتے ہوئے الشفاء ٹرسٹ نے گلگت میں جدید ترین ہسپتال کی تکمیل سے قبل ہی عوام کو مفت خدمات فراہم کرنا شروع کر دی ہیں۔

اس اقدام کے نتیجہ میں لاکھوں افراد کو فائدہ پہنچے گا جن میں وہ مریض بھی شامل ہیں جو دیگر صوبوں میں علاج کروانے کے وسائل سے محروم ہیں۔ اس سلسلہ میں الشفاء ٹرسٹ اور روپانی فاؤنڈیشن گلگت میں ایک جدید ترین ہسپتال تعمیر کر رہے ہیں جو 2026 میں مکمل ہو گا مگر عوام کی ضروریات کے پیش نظر زیر تعمیر ہسپتال کے ایک حصے کو قابل استعمال بنا کر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ اس مین او پی ڈی کے علاوہ آپریشن بھی کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وزیر صحت گلگت بلتستان راجہ اعظم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

انہوں نے آنکھوں کی دیکھ بھال کی جدید خدمات کو دور دراز علاقوں تک پہنچانے میں ٹرسٹ کی کوششوں کو سراہا۔انھوں نے کہا کہ اس سے قبل گلگت بلتستان کے رہائشیوں کو آنکھوں کے علاج کے لیے دوسرے صوبوں کا سفر کرنا پڑتا تھا جو سب کے بس کی بات نہیں تھیں۔اس موقع پر روپانی فاونڈیشن کے مشیر عبدالرحمن مٹھانی نے فاؤنڈیشن کے ارتقا، اہداف اور جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ فاؤنڈیشن معیاری تعلیم، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور صحت کی اعلیٰ سہولیات کے ذریعے لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال گلگت بلتستان کے لوگوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ہے ۔اس موقع پر وزراء، اعلیٰ سرکاری افسران اور دیگر معززین موجود تھے۔ انھوں نے ہسپتال کی تعمیر کو سراہا اور کہا کہ اس سے گلگت بلتستان کے لوگوں کو عالمی معیار کے علاج کی سہولت ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close