ن لیگ نے بلوچستان میں پاؤں پھیلا لیے، کون سی اہم شخصیات نواز شریف سے ملاقات کے لیے پہنچ گئیں؟

کوئٹہ(آئی این پی )قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف نے بلوچستان کا دورہ کیا اور سابق وزیراعلیٰ سمیت کئی اہم شخصیات نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کر لی۔ بلوچستان عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل ، نیشنل پارٹی اور پیپلزپارٹی کے رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات کے بعد ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال، سابق رکن اسمبلی سلیم کھوسہ، نور محمد دمڑ، بابہ بلیدی، سابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کیتھران، محمد خان لہڑی، سردار مسعود لونی نے (ن) لیگ میں شمولیت اختیار کی۔

علاوہ ازیں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما فائق جمالی، شعیب شیروانی، عاصم گرد، سردار عاطف سنجرانی، سابق سینیٹر زاشوک کمار، سید الحسن مندو خیل، چنگیز مری، رامین محمد، دوستین ڈومکی، مجیب محمد، زینت شاہوانی، خان محمد جمالی سمیت دیگر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کیا۔نوازشریف کی کوئٹہ میں باپ، نیشنل پارٹی پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے قائدین سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں شہباز شریف، مریم نواز، پرویز رشید اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ سیاسی قائدین نے بلوچستان آمد اور ملاقات کرنے پر نوازشریف کا شکریہ بھی ادا کیا اور ملکی ترقی کیلئے نواز شریف کی سوچ و عزم کی تعریف کی۔سیاسی قائدین نے مستقبل میں سیاسی تعاون اور اشتراکی عمل کو جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔نواز شریف نے ملاقاتوں میں کہا کہ سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت قائم رکھیں گے، بلوچستان کی ترقی ہمیشہ سے عزیز رہی ہے، ن لیگ نے بلوچستان میں غریب ختم کرنے کے لیے سڑکوں کا جال بچھایا، کوئٹہ تا گوادر 650 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کر کے بہترین سفری سہولیات فراہم کیں جس کے بعد دو دن کا سفر 8 گھنٹوں تک مختصر ہوگیا۔نواز شریف نے کہا کہ سڑک کی تعمیر کے دوران 40 نوجوان شہید بھی ہوئے، جنہیں ہم سلام پیش کرتے ہیں، گوادر تا خضدار اور رتو ڈیرو سڑک تعمیر کر کے بلوچستان کو سندھ سے ملایا۔

close