بی این پی لانگ مارچ کی سرکاری سطح پر مخالفت کر دی گئی

کوئٹہ (آئی این پی )ترجمان حکومت بلوچستان نے بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل )کی جانب سے لانگ مارچ کے اعلان کے ردِعمل میں کہا ہے کہ بی این پی کا لانگ مارچ نہیں ہونا چاہیے، سکیورٹی تحفظات کی وجہ سے حکومت بلوچستان کو اس حوالے سے بڑی تشویش ہے۔پریس ریلیز میں ترجمان حکومت بلوچستان نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ عوام کے تحفظ اور امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، پر امن مظاہرہ بنیادی حق ہے،

لیکن اس بات کو یقینی بنانا بہت ضروری ہے کہ ایسی سرگرمیاں شہریوں کے تحفظ اور سلامتی کو خطرے میں نہ ڈالیں، سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایسی سرگرمیوں پر پہلے ہی سے پابندی عائد ہے۔پریس ریلیز میں ترجمان نے بی این پی پر زور دیا کہ وہ لانگ مارچ ملتوی کرے، ترجمان نے بلوچستان کے تمام باشندوں کے لیے مستحکم اور محفوظ ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور عوام کو یقین دلایا کہ حکومت قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں