کوئٹہ(آئی این پی) ملک میں محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا،یکم محرم (کل)جمعرات 20جولائی اور یوم عاشورہ 29جولائی بروز ہفتہ کو ہوگا۔منگل کو محرم الحرام 1445 ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ میں ہواجس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی، زونل کمیٹی کراچی کے ممبران سمیت وزارت مذہبی امور، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سپارکو کے ممبران شریک ہوئے۔ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر منعقد ہوئے۔
اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھاکہ ملک کے بیشترمقامات پر مطلع صاف رہا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے کسی مقام سے ماہ محرم الحرام کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور پورے ملک میں عدم رویت رہی۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھاکہ اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم محرم الحرام جمعرات 20 جولائی کو ہوگی اور یوم عاشور 10 محرم الحرام 29 جولائی کو ہوگا۔محکمہ موسمیات نے محرم الحرام کا چاند 29 ذوالحج بروز منگل نظر آنے کی پیش گوئی کی تھی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں