جیکب آباد(آئی این پی) نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف جے یو آئی کے زیر اہتمام مختلف تنظیموں کی جانب سے مظاہرہ اور دھرنا،ریجنل الیکشن کمیشن لاڑکانہ کی آفس کے سامنے دھرنے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق ضلع جیکب آباد میں محکمہ روینیو کے عملے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے کی جانے والی نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف ضلع بھر کی مختلف سیاسی، دینی اور سماجی تنظیموں کے اتحاد عوامی اتحاد کی جانب سے جے یو آئی کی میزبانی میں گڑہی خیرو کے جامعہ شیراز سے ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا سلیم اللہ بروہی،
ایس یو پی کے فدا لکھن، بی این پی مینگل کے گلاب جان مینگل، اے پی سی کے محمد شعبان ابڑو، شیعہ رہنما شاہد جوادی، عام انسان تحریک کے عابد سندھی، ہیومن رائٹس کے مولانا عبدالجبار رند، سٹی فورم کے حماد اللہ انصاری، عبدالوحید بروہی، صحافی اسداللہ حیدری کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرے میں مختلف جماعتوں کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور پریس کلب کے باہر دھرنا دیا گیا،اس موقع پررہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن کمیشن اور محکمہ روینیو کے حکام نے نئی حلقہ بندیاں کرکے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی ہے لیکن ایسی کسی سازش کو برداشت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ ضلع کی تمام یونین کونسلز اور وارڈز کو توڑ کر عوام کے لیے مشکلات پیدا کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت کی خوشنودی کے لیے یونین کونسلز اور وارڈز کو بے رحمی سے توڑا گیا ہے۔ اس موقع پر عوامی اتحاد کے رہنماؤں نے اعلان کیا کہ اگر نئی حلقہ بندیوں کو عوامی رائے کے مطابق تبدیل نہیں کیا گیا تو ریجنل الیکشن آفیس لاڑکانہ کے سامنے جلد دھرنا دیا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں