ہماری دعائیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کا اعلان

کوئٹہ (آئی این پی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد تمام بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے، پاکستان کشمیری بھائیوں کی خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے، خطے میں امن کا خواب اس وقت شرمندہ تعبیر ہوگا جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے، ہماری دعائیں اور اخلاقی حمایت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے، جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلاع ہوگا۔

ہفتے کو یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی جدوجہد تمام بین الاقوامی قوانین کے مطابق ہے۔اقوام متحدہ نے کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دینے اور استصواب رائے کرانے کی بات کی ہے، پاکستان کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کرتا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوسکتاہے جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے۔

کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازعہ ہے اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں۔بھارت کشمیرپرزبردستی قبضے کے زریعہ کشمیری عوام کے حقوق کوپامال کررہا ہے اوربے گناہ کشمیری عوام پر ظلم وجبر جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ مختلف بھارتی حکومتوں نے کشمیری عوام کے حق و انصاف کی جدوجہد کو دبانے کیلئے قوت کا بے دریغ استعمال کیا ہے،موجودہ مودی سرکار نے تو آرٹیکل 370کو ختم کرکے کشمیر کو حاصل نام نہاد خودمختاری کا بھی خاتمہ کردیا۔

کشمیریوں کے رد عمل کو چھپانے کیلئے علاقے میں مہینوں سے کرفیو کی صورتحال پیدا کررکھی ہے۔بین الاقوامی برادری سے مطالبہ ہے کہ بھارت کے مظالم کانوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کاحق خودارادیت دلوایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اخلاقی اورسفارتی حمایت کشمیریوں کوکل بھی حاصل تھی اورآئندہ بھی رہے گی۔پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہارمیں کسی سے پیچھے نہیں ہیں۔ہماری دعائیں اوراخلاقی حمایت کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے انشا اللہ جلدکشمیرمیں آزادی کاسورج طلوع ہوگا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close