ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے پارلیمنٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کے لیے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) ایک نئی چپ پر کام کر رہی ہے، جو تیار ہونے کے بعد شہریوں کو مفت جاری کی جائے گی۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق ایف ڈبلیو او کا موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ اترنے کے بعد ناکارہ ہو جاتا ہے، اس لیے اس بات کا خطرہ نہیں کہ ایک موٹر سائیکل کا ایم ٹیگ دوسری پر استعمال ہو سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم ٹیگ میں سیکیورٹی اور سیفٹی سے متعلق مختلف فیچرز رکھے گئے ہیں۔
عرفان نواز میمن نے شہریوں کو ہدایت کی کہ اگر ایم ٹیگ چوری ہو جائے تو فوری طور پر ہیلپ لائن نمبر پر اطلاع دیں، جس کے بعد انہیں بالکل مفت نیا ایم ٹیگ فراہم کیا جائے گا۔
آن لائن ٹیکسی سروسز کے حوالے سے ڈی سی نے بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور اب تک 19 ہزار سے زائد ٹیکسیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن کی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیورز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سواری کی مکمل تفصیلات (کہاں سے اٹھایا اور کہاں چھوڑا) درج کریں۔
ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ بیرون ممالک میں بغیر لائسنس ٹیکسی نہیں چلائی جاتی، اسی طرح اسلام آباد میں بھی ٹیکسی کی رجسٹریشن سیکیورٹی میکانزم کے تحت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی تمام مساجد اور امام بارگاہوں پر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے اور تمام افسران ہر وقت فیلڈ میں موجود رہتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






