مریم نواز کا سی سی ڈی سے متعلق بڑا فیصلہ

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کو پریمیئر انویسٹیگیشن ایجنسی (پی آئی اے) بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

حکومت پنجاب نے جرائم کے خاتمے اور عوامی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سی سی ڈی کو دنیا کے پانچ بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ آفس کے مطابق جدید فارنزک، تفتیشی مہارتوں، ماڈرن ٹیکنالوجی، اے آئی سافٹ ویئر، جدید ترین انٹیلی جنس سرویلنس، مشینری اور آلات سے سی سی ڈی کو پاکستان کے جدید ترین ادارے میں تبدیل کیا جائے گا۔ مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مانیٹرنگ کے جدید ترین آلات بھی سی سی ڈی کو فراہم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سی سی ڈی کا جدید ترین آلات سے لیس ہیڈکوارٹر بنانے کی منظوری دے دی ہے۔ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں سی سی ڈی آفس، تھانے اور رہائش گاہیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

عیدالفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف مہم کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے خواتین پر تیزاب پھینکنے والوں سے نمٹنے کا ٹاسک بھی سی سی ڈی کو دے دیا ہے۔ سی سی ڈی میں جرائم کے خاتمے کے جدید تحقیقی مرکز قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی سی ڈی کے اقدامات کے نتیجے میں پنجاب میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی آئی ہے۔ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 77 فیصد، موبائل اور بیگ چھیننے کے واقعات میں 49 فیصد، گاڑی چوری میں 17 فیصد، اقدام قتل میں 31 فیصد اور اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فیصد کمی ہوئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close