لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
دفعہ 144 کا نفاذ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات اور امن عامہ کو لاحق خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر پابندی عائد ہے اور عوامی مقامات پر بغیر اجازت اجتماع منعقد کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع 14 مارچ تک کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دوران ڈیوٹی اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین سے متعلق اجتماعات بھی پابندی سے مستثنیٰ ہیں جبکہ سرکاری، نیم سرکاری دفاتر کے اجلاس اور عدالتیں بھی اس پابندی میں شامل نہیں ہیں۔
نوٹیفکیشن میں پنجاب میں ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور عوامی مقامات پر استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق حساس اجتماعات دہشت گردی اور فرقہ واریت کا ہدف بن سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






