بنوں: پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں تباہی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیے ہیں۔
ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کے مطابق پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر میں تباہی کے دو بڑے منصوبے ناکام بنا دیے ہیں۔ مجموعی طور پر 150 کلو گرام بارودی مواد قبضے میں لے کر ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔
پہلا واقعہ تھانہ بکاخیل کی حدود میں میرانشاہ پل کے نیچے پیش آیا، جہاں دو ڈرموں میں 140 کلو گرام بارودی مواد نصب کیا گیا تھا۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ یہ بارودی مواد کمانڈ وائر کے ساتھ منسلک تھا جسے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بحفاظت ناکارہ بنا دیا۔
دوسری جانب لکی پولیس اسٹیشن کے مرکزی دروازے پر بھی 10 کلو وزنی بم نصب کیا گیا تھا، جس میں تباہی پھیلانے کے لیے بال بیرنگ کا استعمال بھی کیا گیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے اس بم کو آگ لگا کر دھماکہ کرنے کی کوشش کی، تاہم خوش قسمتی سے آگ بارود تک پہنچنے سے پہلے ہی بجھ گئی جس سے بڑی تباہی ٹل گئی۔
ڈی پی او یاسر آفریدی کا کہنا ہے کہ ان دونوں واقعات کے ذریعے شہر میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تھی جسے پولیس کی مستعدی نے ناکام بنا دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






