حکومت پنجاب کی جانب سے نگہبان رمضان پیکیج کے تحت مستحق خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے باضابطہ اوقات کار جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق مستحق افراد اپنی رقم مقررہ بینکنگ چینلز کے ذریعے آسانی سے وصول کر سکتے ہیں جبکہ اس مقصد کے لیے اومنی، الفا پے اور کنیکٹ سمیت مختلف سروس پوائنٹس کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
جاری اعلامیے کے مطابق پیر سے ہفتہ تک صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ادائیگی کی سہولت دستیاب ہوگی۔ مزید برآں کیمپ سائٹس پر بھی مخصوص اوقات میں رقم کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ دور دراز علاقوں کے مستحقین بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ تمام ادائیگیاں شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں اور کسی بھی غیر قانونی کٹوتی یا اضافی فیس کی اجازت نہیں ہوگی۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مجاز مراکز سے ہی رقم وصول کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں سرکاری ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔
حکومت پنجاب نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں غریب اور مستحق خاندانوں کی معاونت اولین ترجیح ہے اور اس پیکیج کا مقصد مہنگائی کے بوجھ کو کم کرکے ضرورت مند افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






