بھکر میں ہونے والے دہشتگرد حملے کے بعد پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری اور نجی اسکولوں کو حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جاری مراسلے میں بڑے اور نمایاں نجی و سرکاری اسکولوں کی خصوصی نگرانی کا حکم دیا گیا ہے جبکہ وزٹرز کے داخلے اور اخراج کی کڑی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تعلیمی اوقات کے دوران سیکیورٹی عملے کو مکمل طور پر چوکس رہنے کا کہا گیا ہے اور اسکولوں میں کم از کم آٹھ فٹ بلند باؤنڈری وال کے ساتھ خاردار تار لگانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مزید برآں سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹر اور پینک بٹن کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے جبکہ تمام اداروں کو صرف ایک مرکزی گیٹ استعمال کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام تک پہنچانے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
مراسلے میں ایمرجنسی ایس او پیز پر عمل، موک ایکسرسائز کے انعقاد، طلبہ کے مرحلہ وار انخلا کے طریقہ کار اور پینے کے پانی کے ذخائر کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایات شامل ہیں۔ واضح کیا گیا ہے کہ سیکیورٹی اقدامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے اداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






