سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لیے اہم خبر

پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پنجاب کے تمام سرکاری اسکولوں میں اساتذہ کے لیے نیا پروفیشنل ڈریس کوڈ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئے ڈریس کوڈ پر عملدرآمد 23 فروری 2026 سے لازمی ہوگا۔

نئے ضوابط کے تحت تعلیمی اوقات کے دوران تمام اساتذہ کے لیے ‘بلیک گاؤن’ پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، جسے تعلیمی وقار، پیشہ ورانہ شناخت اور نظم و ضبط کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

مرد اساتذہ کے لیے سادہ رنگوں کی شلوار قمیض یا پینٹ شرٹ کے ساتھ بند جوتے یا اسٹرپ والی سینڈل تجویز کی گئی ہے، جبکہ خواتین اساتذہ کو بند جوتے یا مودیسٹ (شائستہ) سینڈل پہننے کی ہدایت کی گئی ہے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس ڈریس کوڈ کا اطلاق جنس، کیڈر اور علاقے کی تفریق کے بغیر تمام ٹیچنگ اسٹاف پر ہوگا۔ اسکولوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

مزید برآں، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو اضلاع میں سخت مانیٹرنگ کے ذریعے اس فیصلے کو نافذ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اسکولوں میں نظم و ضبط، یکسانیت اور پیشہ ورانہ ماحول کو فروغ ملے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close