پنجاب حکومت نے صوبے میں جدید اور شفاف مالی نظام کے فروغ کے لیے ڈیجیٹل ادائیگیوں کو مرحلہ وار لازمی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اب کاروباری لین دین بتدریج نقد رقم کے بجائے ڈیجیٹل ذرائع سے کیا جائے گا۔
جاری مراسلے کے مطابق تمام کاروباری مراکز، تاجروں اور پرچون فروشوں کو اپنی دکانوں پر نمایاں طور پر کیو آر کوڈ آویزاں کرنے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ صارفین آسانی سے ڈیجیٹل ادائیگی کر سکیں۔ لین دین کے لیے کیو آر کوڈ اور راست سسٹم کے استعمال کو فروغ دیا جائے گا۔
حکومت نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کیش لیس نظام سے عوام کو سہولت ملے گی اور مالی معاملات میں شفافیت اور احتساب کو فروغ ملے گا۔
خصوصی طور پر پیٹرول پمپس پر فوری طور پر ڈیجیٹل ادائیگی کو لازم قرار دیا گیا ہے، جہاں کیو آر کوڈ کے ساتھ موبائل ادائیگی بھی ضروری ہوگی۔ مزید برآں پیٹرول پمپس کے لائسنس کے اجرا کو آن لائن بکنگ سے مشروط کر دیا گیا ہے، جسے جدید اور منظم نظام کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق یہ اقدامات صوبے میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، عوامی سہولت اور مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






