اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے رمضان 2026 سے قبل فیصلہ کیا ہے کہ سڑکوں اور عوامی مقامات پر افطار دسترخوان لگانے کے لیے پیشگی اجازت اور باقاعدہ رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ حکام کے مطابق یہ اقدام ٹریفک کی روانی، سکیورٹی اور صفائی کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
گزشتہ برسوں میں بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے سے ٹریفک جام اور شہری مشکلات میں اضافہ ہوا جبکہ بعض مقامات پر ہنگامی گاڑیوں کی آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔ نئے ضابطے کے تحت جو بھی تنظیم، فلاحی ادارہ یا شہری گروپ عوامی افطار کا اہتمام کرے گا، اسے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر آفس یا ضلعی انتظامیہ سے این او سی حاصل کرنا ہوگی۔ درخواست میں مقام، وقت، شرکاء کی تعداد اور سیکیورٹی و صفائی کے انتظامات کی تفصیلات شامل کرنا لازمی ہوں گی۔
ضلعی حکام نے واضح کیا ہے کہ بغیر اجازت افطار دسترخوان لگانے کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں آئے گی، جس میں جرمانہ اور سامان کی ضبطی شامل ہو سکتی ہے۔ تاہم فلاحی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی جاری رہے گی بشرطیکہ وہ مقررہ ضابطے کے مطابق ہوں۔ شہری حلقوں نے فیصلے پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، کچھ اسے نظم و ضبط کے لیے ضروری قرار دے رہے ہیں جبکہ دیگر نے رجسٹریشن کے عمل کو سادہ اور تیز بنانے پر زور دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






