پنجاب حکومت نے خواتین کی معاشی خودمختاری کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم اقدام کا اعلان کیا ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شفیع حسین کے مطابق آئندہ دو ماہ کے اندر خواتین کاروباری افراد کے لیے بلاسود قرضوں کی اسکیم شروع کی جائے گی، جس کا مقصد خواتین کو کاروبار کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا ہے۔
اس پروگرام پر عملدرآمد پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کرے گی۔ اسکیم کے تحت ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹرز سے فارغ التحصیل خواتین قرض لینے کی اہل ہوں گی، جبکہ ہنرمند خواتین اور دستکار بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گی۔ ہر درخواست گزار خاتون کو کاروبار شروع کرنے یا موجودہ کاروبار کو وسعت دینے کے لیے 5 لاکھ روپے تک بلاسود قرض فراہم کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کی کاروباری سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانا اور مالی رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے، خاص طور پر چھوٹے شہروں میں رہنے والی خواتین کو سرمائے تک رسائی میں درپیش مشکلات کو کم کرنا ہے۔
چوہدری شفیع حسین نے یہ اعلان ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری گجرات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، جس میں خواتین کے لیے معاشی مواقع اور درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ علاوہ ازیں، گجرات میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر اور ویمن بزنس انکیوبیشن سینٹر قائم کیے جائیں گے، جہاں خواتین کو تکنیکی اور کاروباری تربیت فراہم کی جائے گی۔ ان مراکز میں ویمن چیمبر آف کامرس گجرات کے لیے خصوصی دفتر بھی مختص کیا جائے گا تاکہ ادارہ جاتی تعاون اور رہنمائی مزید مؤثر ہو سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






