چکن، مٹن اور بیف کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

رنگوں اور خوشیوں کے تہوار بسنت کی آمد کے ساتھ ہی شہر بھر میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، تاہم بسنت کے جوش و خروش کے ساتھ مہنگائی نے شہریوں کی مشکلات میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ بسنت کے موقع پر لذیذ پکوانوں کی تیاری کے لیے چکن، مٹن اور بیف کی مانگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث گوشت کی قیمتیں بے قابو ہوتی جا رہی ہیں۔

برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 526 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، مگر مٹن اور بیف سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں۔ قصابوں اور سپر اسٹورز پر مٹن 2800 سے 3200 روپے فی کلو جبکہ بیف 1200 سے 1400 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جس طرح پتنگوں اور ڈور کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، اسی طرح گوشت کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔

دوسری جانب شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ڈی سی کاؤنٹرز پر بھی غیر معیاری مٹن، پھل اور سبزیاں رکھی جا رہی ہیں، جس کی وجہ سے قیمتوں میں استحکام کا مقصد پورا نہیں ہو رہا۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بسنت کے موقع پر مٹن اور بیف کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ عوام بلا خوف و پریشانی خوشیوں کا یہ تہوار منا سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close