سرکاری ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے 25 ہزار سے زائد آسامیوں سے متعلق بڑی خوشخبری سامنے آ گئی ہے، بلوچستان میں نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے گریڈ 1 سے 15 تک 25 ہزار سے زائد خالی آسامیوں کا باقاعدہ اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یہ اقدام میرٹ پر بھرتیوں اور گڈ گورننس کے قیام کے عزم کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گریڈ 16 اور 17 کی 4 ہزار خالی آسامیوں کی سمری پبلک سروس کمیشن کو ارسال کر دی گئی ہے، جبکہ جن محکموں میں ٹیسٹ اور انٹرویوز کا عمل مکمل ہو چکا ہے وہاں جلد تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔
دیگر محکموں میں موجود خالی آسامیوں پر محکمہ فنانس کی طرز پر آن لائن ٹیسٹ اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق بھرتیوں کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ وہ اپنے وعدے پر قائم ہیں اور بلوچستان کے لوگوں کی ایک بھی نوکری کسی کو بیچنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






