رمضان المبارک میں 45 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کیلئے بڑا اعلان

پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران 45 ہزار روپے سے کم ماہانہ آمدن والے افراد کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے صوبے کے عوام کے لیے 47 ارب روپے مالیت کے نگہبان رمضان پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس پیکیج سے تقریباً 42 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پیکیج کے تحت رمضان المبارک سے پانچ روز قبل خصوصی رمضان سہولت بازار قائم کیے جائیں گے، جہاں عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ فراہم کی جائیں گی۔ ان بازاروں میں آٹا، چاول، گھی، چینی اور دیگر روزمرہ استعمال کی اشیاء مناسب قیمتوں پر دستیاب ہوں گی۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے زیر اہتمام راشن کارڈز کے ذریعے ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے تک کی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس پیکیج کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو رمضان المبارک کے دوران غذائی ضروریات کی خریداری میں سہولت دینا ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے واضح کیا کہ منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور حکومت کسی کو بھی عوام کے حقوق سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے گی۔

یہ اقدام پنجاب حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جس سے کم آمدن والے افراد کو خاطر خواہ ریلیف ملنے کی توقع ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close