بڑی خبر! سرکاری اداروں میں بھرتیوں کا طریقہ کار تبدیل

پنجاب میں سرکاری بھرتیوں کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی لانے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ابتدائی تقرریاں اب بنیادی پے اسکیل کے بجائے لمپ سم پے پیکج پر کرنے کی تجویز زیر غور ہے، جس کے تحت موجودہ سروس رولز کے بجائے اہلیت کے معیار کی بنیاد پر بھرتیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترمیم کے بعد صوبائی محکموں میں رکی ہوئی بھرتیوں کے عمل میں تیزی آنے کا امکان ہے، جبکہ منظوری کے بعد لمپ سم پے پیکج پر نئی آسامیوں کے لیے راستہ ہموار ہو جائے گا۔ لمپ سم پے پیکج پر عائد پابندی میں نرمی سے متعلق کیسز حکومت کو کیس ٹو کیس بنیاد پر بھجوائے جائیں گے۔

حکومت کی منظوری کے بعد صوبے میں روایتی طریقہ کار کے بجائے لمپ سم بنیادوں پر بھرتیاں ممکن ہوں گی، تاہم پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے روایتی بھرتیوں کا عمل بدستور جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق گریڈ 5 اور اس سے اوپر پابندی میں نرمی کے کیسز پہلے کی طرح متعلقہ فورمز پر زیر غور آئیں گے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت گریڈ 1 سے گریڈ 4 تک لمپ سم پے پیکج کے تحت بھرتیوں کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ سروس رولز بنانے کے بجائے اہلیت کا معیار طے کر کے بھرتیوں کے لیے نیا طریقہ اپنانے کی تجویز دی گئی ہے، جس سے سرکاری بھرتیوں کے عمل میں تیزی اور لچک آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close