میانوالی: سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں چھ خطرناک دہشت گرد اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق میانوالی کے علاقے چاپڑی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی انجام دی۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں چھ دہشت گرد اپنی ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران آٹھ دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی ٹی ڈی ٹیموں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹس، دستی بم، ایس ایم جی، گولیاں اور بارودی مواد برآمد ہوا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ دہشت گرد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے میانوالی میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سی ٹی ڈی کا شکریہ ادا کیا۔ مریم نواز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کو شاباش دی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ادارے کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلا کر رہیں گے اور پنجاب کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری ہر صورت پوری کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






