مستحق افراد کورمضان نگہبان پیکیج کےتحت 10 ہزار روپے کیش کیسے ملیں گے؟ جانئے

رمضان المبارک کے موقع پر حکومت پنجاب نے عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کے لیے بڑے مالی امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی منظوری سے شروع کیے گئے رمضان نگہبان پیکیج کے تحت لاکھوں مستحق خاندانوں کو 10 ہزار روپے نقد دیے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق 47 ارب روپے مالیت کے اس پیکیج سے پنجاب بھر میں تقریباً 42 لاکھ مستحق خاندان مستفید ہوں گے، جبکہ مجموعی طور پر ایک کروڑ افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے کیش دیے جائیں گے، جبکہ راشن کارڈ رکھنے والے خاندانوں کے لیے ماہانہ امداد 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے 20 لاکھ سے زائد نگہبان کارڈز جاری کیے جائیں گے، جن کے ذریعے مستحق افراد بینک آف پنجاب کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس یا ون لنک نیٹ ورک سے منسلک کسی بھی اے ٹی ایم سے رقم نکلوا سکیں گے۔ کارڈز کی فعال سازی کے لیے صوبے بھر میں 136 مراکز قائم کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ گھر گھر جا کر نگہبان کارڈز مستحق افراد تک پہنچائے تاکہ عوام کو قطاروں میں کھڑا نہ ہونا پڑے۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل میں 8 نگہبان دسترخوان قائم کیے جائیں گے جہاں روزانہ ہزاروں افراد کو افطاری فراہم کی جائے گی۔

حکام کے مطابق شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی رمضان نگہبان ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے، جس کے ذریعے امداد کی تقسیم اور وصولی کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران کسی بھی مستحق خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور مکمل معاونت فراہم کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close