پنجاب میں جدید، یکساں اور کیش لیس سفری نظام کے قیام کے لیے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے عملی اقدامات میں تیزی کر دی ہے۔ صوبہ بھر میں ٹی کیش کارڈ کے حصول کے لیے اب تک ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ ابتدائی مرحلے میں 66 سے زائد شہریوں کو ٹی کیش کارڈ جاری بھی کر دیے گئے ہیں۔
ٹی کیش کارڈ کے ذریعے شہری میٹرو بس، اورنج لائن، سپیڈو اور ای بس سروسز میں ایک ہی کارڈ سے سفر کر سکیں گے، جس سے کیش کے بغیر ٹکٹنگ ممکن ہو گی اور سفر کو مزید آسان، محفوظ اور شفاف بنایا جا سکے گا۔ یہ کارڈ پنجاب بھر کے مختلف ٹرانسپورٹ سسٹمز تک شہریوں کی رسائی کو یکجا کرنے میں مدد دے گا۔
حکام کے مطابق ٹی کیش کارڈ کو ڈیبٹ کارڈ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس کے ذریعے روزمرہ مالی لین دین کی سہولت حاصل ہو گی۔ ٹی کیش کارڈ کا اجرا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے قواعد و ضوابط کے مطابق کیا جا رہا ہے۔
شہری ٹی کیش کارڈ کے حصول کے لیے ویب پورٹل، ای ٹرانزٹ ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں، جبکہ کارڈ کی تیاری کے بعد اسے ہوم ڈیلیوری کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔ درخواست کی موجودہ صورتحال بھی ویب سائٹ، موبائل ایپ اور ہیلپ لائن کے ذریعے معلوم کی جا سکے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






