حکومتِ پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کی سفارش پر 6 فروری کو لاہور میں بسنت کے موقع پر مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا ہے تاکہ شہری جشن میں بھرپور حصہ لے سکیں اور تقریب محفوظ اور منظم ہو۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے بسنت کے پیش نظر تعطیل کی تجویز دی تھی جس کی منظوری صوبائی حکومت نے دے دی۔ اس فیصلے کے بعد لاہور میں جمعرات، جمعہ، ہفتہ اور اتوار کے ملا کر چار دن کی چھٹیاں ہوں گی، جس سے شہریوں کو لانگ ویک اینڈ میسر آئے گا۔
حکام نے بتایا کہ جمعرات، ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں پہلے سے طے تھیں، جبکہ جمعہ کو بھی تعطیل دینے کا فیصلہ بسنت کے دوران ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے اور شہریوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی کہ 18 سال سے کم عمر بچے بسنت کی تقریبات اہل خانہ کے ساتھ منائیں تاکہ تہوار کے دوران تحفظ اور نظم و ضبط برقرار رہے۔ ضلعی انتظامیہ نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ بسنت کی تقریبات امن و امان کے ساتھ منعقد ہوں اور شہری بلا خوف اس ثقافتی جشن سے لطف اندوز ہو سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






