سکول اور کالج کے طلبہ و طالبات کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومت نے تعلیمی اداروں کی چھٹیاں کم کرنے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کمیٹی نے پنجاب بھر کے سکولز اور کالجز کے لیے ہر سال 190 تعلیمی دن مکمل کرنے پر مشتمل یکساں تعلیمی کیلنڈر تشکیل دینے کی سفارش کر دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت طلبہ کو تعطیلات کے بجائے 190 دن تعلیم حاصل کرنا ہوگی۔
کمیٹی نے اپنی سفارشات میں موسم گرما کی تعطیلات کو 2 ماہ 15 دن سے کم کر کے 6 ہفتے تک محدود کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔ گزشتہ چار ماہ کے دوران ہونے والے تیسرے اجلاس میں کمیٹی نے اپنی تجاویز کو حتمی شکل دی، جس کے مطابق صوبے کے تعلیمی اداروں کو سالانہ 175 تعطیلات دی جائیں گی۔
تجویز کردہ منصوبے کے مطابق تعلیمی اور نصابی دنوں کی مجموعی تعداد 190 ہوگی، جبکہ پنجاب بھر کی نجی سکول ایسوسی ایشنز نے بھی اس تجویز کی حمایت کی ہے۔
اس حوالے سے صوبائی اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے اسپیشل سیکریٹری محمد اقبال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ تین روز کے اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔
کمیٹی کا مؤقف ہے کہ ہر سال تعطیلات کی بڑھتی ہوئی تعداد طلبہ کی تعلیمی کارکردگی پر منفی اثر ڈال رہی ہے، خاص طور پر سینئر کلاسز میں نصاب مکمل نہیں ہو پاتا، جبکہ چھٹیاں محدود کرنے سے تعلیمی عمل کی بروقت تکمیل میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






