لاہور: گجومتہ میں گارمنٹس فیکٹری میں آگ، بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچاؤ
لاہور کے علاقے گجومتہ کے قریب شان گارمنٹس فیکٹری میں اچانک آگ لگ گئی، تاہم ریسکیو ٹیموں کی فوری کارروائی کے باعث بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے سے فیکٹری کے عملے اور آس پاس کے علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لیکن پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ٹیموں نے چند ہی دیر میں آگ پر مکمل قابو پا لیا۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات اور مالی نقصان کے تخمینے کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب لاہور کے کینال روڈ پر ریسکیو ایمبولینس کے ٹائر پھٹنے سے حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایمبولینس نہر میں جا گری۔ حادثے میں ڈرائیور اور میڈیکل ٹیکنیشن معمولی زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






