ترقی کے منتظر افسران کیلئے اچھی خبر

پنجاب پولیس میں انسپکٹر سے ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کا انتظار کرنے والے افسران کے لیے ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ڈی ایس پی رینک پر بڑے پیمانے پر ترقیاں دینے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، پنجاب میں ڈی ایس پی کی تقریباً 80 خالی سیٹوں پر ترقی کے لیے اگلے ہفتے اجلاس متوقع ہے، جس میں 250 سے زائد انسپکٹرز کے نام زیر غور آئیں گے۔ سینئرٹی کے لحاظ سے انسپکٹرز کے کوائف اور رپورٹس متعلقہ ریجنز اور اضلاع سے منگوا لی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق یہ اجلاس ایڈیشنل آئی جی پنجاب کی سربراہی میں منعقد ہوگا۔ آئی جی پنجاب کی جانب سے خالی سیٹوں پر ترقیوں کے احکامات اور باقاعدہ شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

یہ اقدام اس وقت سامنے آیا ہے جب رواں ہفتے ایس پی کے عہدے پر بھی بڑے پیمانے پر ترقیاں دی گئی ہیں۔ توقع ہے کہ ڈی ایس پی رینک پر ترقیوں کا عمل بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close