سی ٹی ڈی کی کامیاب کارروائی، 3 دہشتگرد ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں سینٹرلٹررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کی جانب سے انٹلیجنس پر مبنی ایک کارروائی میں تین مطلوب دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق، ہلاک شدہ دہشتگردوں کی شناخت نعمت اللہ، عبدالرؤف افغانی اور مصطفیٰ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ یہ عناصر پولیس اور سیکیورٹی فورسز پر براہ راست حملوں میں ملوث تھے۔

کارروائی کے دوران دہشتگردوں سے تین کلاشنکوف رائفلیں، نو میگزینز، دو ہینڈ گرینیڈز اور بڑی تعداد میں کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اس کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی ٹیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس پر حملوں کا جواب دہشتگردوں کے آخری فرد تک کو ختم کرکے دیا جائے گا اور انٹلیجنس پر مبنی آپریشنز کو مزید تیز کرکے ان عناصر کا مکمل صفایا یقینی بنایا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں تین بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خاتمے پر سی ٹی ڈی کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچا کر ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن قائم کرنے کے لیے سی ٹی ڈی سمیت تمام سیکیورٹی فورسز کی کوششیں قابل تحسین ہیں اور فتنہ خارجہ کے مکمل خاتمے کے لیے پوری قوم بہادر سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close