جمعیت علمائے اسلام (ف) ڈیرہ اسماعیل خان کے سینئر رہنما حاجی عبداللہ انتقال کر گئے ہیں۔ جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حاجی عبداللہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا سیل جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ حاجی عبداللہ مرحوم کی وفات سے انہیں دلی صدمہ ہوا ہے، اللہ کریم ان کے سفرِ آخرت کو آسان بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم کی جماعت اور خانوادہ مفتی محمود سے دیرینہ وابستگی تھی اور انہوں نے کٹھن حالات میں ہمیشہ جماعت کی بے لوث خدمت کی۔
مولانا فضل الرحمان نے اپنے بیان میں دعا کی کہ اللہ کریم حاجی صاحب کی جملہ عبادات کو قبول فرمائے اور انہیں اس کا بہترین بدلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرحوم کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ میڈیا سیل جے یو آئی کے مطابق حاجی عبداللہ کی نمازِ جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






