اسلام آباد 2025 میں عالمی سطح کے پر امن شہروں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
عالمی جریدے نے اسلام آباد کو صفحہ اوّل کے پرامن شہروں میں شامل کیا ہے، جس کے مطابق جرائم میں مجموعی طور پر سال 2025 میں سال 2024 کے مقابلے میں 37 فیصد کمی واقع ہوئی، جبکہ سنگین جرائم میں سال 2024 کے مقابلے میں 69 فیصد نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ غیر ملکی جریدے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ رواں سال اسلام آباد پولیس نے 20 سے زائد ہائی پرو فائل کیسز کو 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں ٹریس کیا اور 23683 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 ارب روپے سے زائد کا مال مسروقہ برآمد کیا گیا۔ اِسی طرح ڈکیتی، راہزنی، کار اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث 578 گینگز کے 1308 ارکان گرفتار کیے گئے، جن سے کروڑوں روپے مالیت کی 375 گاڑیاں اور 851 موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
عالمی جریدے کا کہنا تھا کہ سال 2025 میں قتل کے مقدمات میں اسلام آباد پولیس کی موثر کارروائیوں کے نتیجے میں 187 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 4000 سے زائد اشتہاری اور سابقہ ریکارڈ یافتہ مجرمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ قبضہ مافیا کے خلاف 157 مقدمات کا اندراج کر کے 161 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ اسلحہ سے پاک اسلام آباد مہم کے تحت غیر قانونی اسلحہ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی گئیں، جس میں ہوائی فائرنگ میں ملوث 200 سے زائد ملزمان اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے میں ملوث 2308 ملزمان گرفتار کیے گئے۔ ان ملزمان سے 304 رائفلیں، 92 بندوقیں، 2200 سے زائد پستول، 294 خنجر اور 37491 روند برآمد کیے گئے۔
منشیات کے خلاف خصوصی مہم “نشہ اب نہیں” کے تحت 1801 منشیات فروش گرفتار کیے گئے اور تعلیمی اداروں کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث 29 ملزمان کو جیل بھجوایا گیا۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 323 کلو گرام چرس، 550 کلو گرام ہیروئن، 161 کلو گرام آئس، 10 کلو گرام افیون، نشہ آور گولیاں اور 8427 بوتل شراب برآمد کی گئی۔ عالمی جریدے کا کہنا تھا کہ بہترین تفتیش کی بدولت اسلام آباد پولیس نے سال 2025 میں عدالتوں سے قتل کے مقدمات میں 14 ملزمان کو سزائے موت جبکہ 14 ملزمان کو عمر قید کی سزائیں دلوائیں اور شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے 1270 سے زائد کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جن سے ایک لاکھ سے زائد شہری مستفید ہوئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں سال میں 3973 پیشہ ور بھکاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ جرائم کے انسداد اور امن و عامہ کے قیام کے حوالے سے 465 سے زائد سرچ آپریشن کیے گئے۔ پولیس نے 2337 لاء اینڈ آرڈرز کے دوران شہریوں کو بھرپور سکیورٹی اور سہولیات فراہم کیں۔ عالمی جریدے نے مزید لکھا کہ سال 2025 میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کی خاطر اسلام آباد پولیس کے 4 افسران شہید اور 33 افسران غازی قرار پائے۔ سال 2025 میں ہی پولیس ریسپانس یونٹ اور سٹی واچر سکواڈ کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






