حکومت پنجاب نے آن لائن وارداتیں کرنے والے منظم گروہوں کے خلاف سی سی ڈی کو نئی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
عوام کو لوٹنے کی وارداتوں میں اضافے کے پیش نظر حکومت پنجاب نے سی سی ڈی کو اب نئی ذمہ داری دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت سی سی ڈی آن لائن اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔
سی سی ڈی ترجمان کے مطابق معصوم شہری آن لائن وارداتوں کے ذریعے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو جاتے ہیں، جبکہ تنخواہ دار اور کاروباری طبقہ ان ملزمان کا آسانی سے نشانہ بن رہا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کو بھی لوٹ لیتے ہیں، اور اس دوران شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان کی کارروائیاں بھی کی جاتی ہیں جن کے مقدمات کا اندراج بھی نہیں ہوتا۔
سی سی ڈی ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ عوام کی رقم لوٹنے والے ملزمان کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا اور آن لائن فراڈ میں ملوث منظم جرائم پیشہ افراد کی جائیدادوں کی قرقی کے لیے بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






