ٹول ٹیکس میں اضافہ کردیا گیا

لاہور: لاہور رنگ روڈ اتھارٹی نے نادرن اور سدرن لوپس کے ساتھ ساتھ ایسٹرن بائی پاس پر ٹول ٹیکس میں 16.67 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق رواں ہفتے کے آغاز سے مختلف اقسام کی گاڑیوں پر شروع ہو گیا ہے۔

نئی شرحوں کے مطابق کاروں اور جیپوں کا ٹول ٹیکس 60 روپے سے بڑھا کر 70 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ ہائی ایس اور ویگن مالکان کو 120 روپے کی بجائے 140 روپے ادا کرنے ہوں گے۔ منی بسوں اور کوسٹرز کا ٹول بھی 120 سے بڑھا کر 140 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ بسوں کے لیے ٹول 300 روپے سے بڑھا کر 350 روپے ہو گیا ہے۔

بھاری گاڑیوں کے لیے بھی نئی شرحیں نافذ کی گئی ہیں۔ دو سے تین ایکسل والی لوڈر ٹرک، ڈمپرز اور پک اپس کے لیے ٹول 360 روپے سے بڑھا کر 420 روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ تین یا زائد ایکسل والے ٹرک اور ٹریلرز اب 600 کے بجائے 700 روپے ٹول ادا کریں گے۔

لاہور رنگ روڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ٹول ٹیکس میں اضافے کا مقصد سڑکوں کی دیکھ بھال، آپریشنل اخراجات اور سہولیات میں بہتری لانا ہے۔ تاہم شہریوں اور ٹرانسپورٹرز نے اسے مہنگائی کے شکار عوام پر اضافی بوجھ قرار دیا ہے۔

کچھ گاڑیاں ٹول ٹیکس سے مستثنیٰ ہیں، جن میں ایمبولینسز، دفاعی گاڑیاں، فائر فائٹنگ وہیکلز، جنازہ گاڑیاں، پولیس گاڑیاں، فلیگ کارز اور اہم سرکاری یا غیر ملکی معززین کی گاڑیاں شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close