حکومتِ بلوچستان کے محکمہ خزانہ نے صوبے کے تمام مسیحی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو کرسمس کی مناسبت سے دسمبر 2025 کی تنخواہیں اور پنشن پیشگی ادا کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ماہِ دسمبر کی وہ تنخواہیں جو معمول کے مطابق یکم جنوری 2026 کو قابلِ ادائیگی تھیں، اب 22 دسمبر 2025 کو ادا کی جائیں گی تاکہ مسیحی برادری 25 دسمبر کو کرسمس کی تیاری اطمینان سے کر سکے۔
حکومت کے اس فیصلے کا مقصد مسیحی سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنا مذہبی تہوار بہتر انداز میں منا سکیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی رواں سال کے دوران تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس کے مطابق 25 دسمبر 2025 کو یومِ قائداعظم کی عام تعطیل ہوگی جبکہ 26 دسمبر 2025 کو مسیحی ملازمین کے لیے کرسمس کے بعد کی عام تعطیل ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






