سندھ اسمبلی اجلاس میں ارکان نے سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد، حیدرآباد میں کرکٹ کی سرگرمیوں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے کردار سے متعلق اہم نکات اٹھائے۔
صوبائی وزیر سعید غنی نے ایوان کو بتایا کہ سرکاری ملازمتوں میں عمر کی حد سے متعلق جتنا ممکن تھا، حکومت نے غریب اور متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ہے۔
ایم کیو ایم کے رکن صابر قائمخانی نے کہا کہ حیدرآباد ماضی میں انٹرنیشنل میچز کی میزبانی کرتا رہا ہے، اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے کہ حیدرآباد اسٹیڈیم کو فوری بحال کرکے دوبارہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچز کرائے اور حکومت اس حوالے سے پی سی بی سے باضابطہ بات کرے۔
صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے قرارداد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیڈیم کی بحالی اور کرکٹ کی واپسی کے لیے پی سی بی سے پہلے بھی بات کی جا چکی ہے، اور دوبارہ اس سلسلے میں مثبت پیش رفت کی جائے گی۔
ارکان نے امید ظاہر کی کہ حیدرآباد میں ایک بار پھر بڑے میچز منعقد ہوں گے، جس سے مقامی کھلاڑیوں اور کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






