پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر قائم سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے سے ایک اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا اور آگ پر قابو پا لیا، کولنگ کا عمل جاری ہے۔
سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق دھماکا تھانے کے مال خانے میں آتشزدگی کے باعث ہوا۔ آگ لگنے سے بارودی مواد پھٹ گیا جس سے عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہو گیا جبکہ باقی حصے کو جزوی نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز اور پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا۔ تھانے میں موجود تمام ملزمان کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
سی سی پی او نے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ دھماکا کسی دہشت گردی کا نتیجہ ہے، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی روڈ کو حفاظتی اقدامات کے تحت ایک جانب سے بند کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






