بارشوں اور سیلاب سے جانی و مالی نقصان کی ابتدائی رپورٹ جاری

 

پشاور — خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات پر پختونخوا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ابتدائی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق 30 اگست سے شروع ہونے والی موسلادھار بارشوں سے مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی وجہ سے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 6 مکانات کو نقصان پہنچا۔ یہ حادثات زیادہ تر پشاور، جنوبی وزیرستان، خیبر اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو امدادی کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرین کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے اور نقصانات کا ازالہ ممکن ہو۔

پی ڈی ایم اے صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close