بلوچستان بھر میں، بشمول صوبائی دارالحکومت کوئٹہ، پلاسٹک بیگز کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی صدارت میں صفا کوئٹہ انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کی صفائی، ستھرائی اور خوبصورتی سے متعلق اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کوئٹہ کے 84 وارڈز سے روزانہ تقریباً ایک ہزار ٹن کچرا اٹھایا جا رہا ہے، جب کہ اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار ٹن کچرا ہٹایا جا چکا ہے۔ مزید یہ کہ شہر کے 18 نالوں کی صفائی مکمل ہو چکی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے منصوبے کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کا مقصد ماحول کا تحفظ اور شہر کی صفائی کو یقینی بنانا ہے۔ تاہم، ان اقدامات کی کامیابی عوام کے تعاون پر منحصر ہے۔ انہوں نے ماحول دوست متبادل شاپنگ بیگز کے استعمال پر زور دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو ماحولیاتی بہتری کا ایک مثالی شہر بنایا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں